لڑکی کی شادی پرناخوش40 افراد نے سر منڈوا لئے

رائے گڑھ (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے ایک گائوں میں لڑکی کی شادی پر خاندان کے 40افراد نے سر منڈوا دیے۔بھارت کی ریاست اوڈیشہ کے ضلع رائے گڑھ میں ایک قبائلی لڑکی کی شادی کے بعد اس کے خاندان کے 40 افراد نے مبینہ طور پر ایک رسم کے تحت سر منڈوا دیے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی کا تعلق ایک شیڈیول ٹرائب (ST)برادری سے تھا۔ لڑکی نے اہل خانہ کی مخالفت کے باوجود دوسری ذات کے ایک شیڈیول کاسٹ (SC)کے نوجوان سے شادی کی جو پڑوس کے گائوں سے تعلق رکھتا ہے۔ لڑکی کی دوسری ذات کے لڑکے سے شادی پر اہل خانہ، رشتے دار اور گائوں والے ناخوش تھے۔شادی کے بعد پورے خاندان کو گاں کے رسم و رواج کے مطابق ناپاک قرار دے کر سماجی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ برادری میں رہنے کے لیے خاندان کے تقریباً 40افراد نے سر منڈوا دیے، جسے وہاں شدھی کرن (پاکیزگی کی رسم) کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ گائوں والوں کا کہنا ہے کہ اس مذہبی عمل کے تحت بکرا اور مرغی وغیرہ بھی قربان کرنے پڑے، یہ سب اخراجات لڑکی کے گھر والوں نے برداشت کیے۔یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب اس رسم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں درجنوں مرد سر منڈوائے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ مقامی حکام نے ویڈیو کا نوٹس لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں