لیونل میسی کی دورہ بھارت سے89کروڑکمائی

ارجنٹائن (سپورٹس نیوز) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے حالیہ دور بھارت سے حاصل ہونے والی آمدنی کی تفصیلات منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔ ٹور کے منتظم ستادرو دتہ نے بتایا ہے کہ ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کو بھارت کے3روزہ دورے کے عوض 89کروڑ بھارتی روپے (890ملین) ادا کیے گئے۔ذرائع کے مطابق میسی کے اس دورے پر مجموعی طور پر 100 کروڑ بھارتی روپے (1,000 ملین) خرچ ہوئے، جن میں سے 11 کروڑ روپے بھارتی حکومت کو ٹیکس کی مد میں ادا کیے گئے۔ اخراجات کا قریبا 30 فیصد اسپانسرشپ جبکہ 30 فیصد ٹکٹوں کی فروخت سے پورا کیا گیا۔لیونل میسی نے اس دورے کے دوران کولکتہ، حیدرآباد، ممبئی اور نئی دہلی میں مختلف فین ایونٹس میں شرکت کی، جبکہ وہ گجرات کے شہر جام نگر بھی گئے۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ ساتھی فٹبالرز لوئس سواریز اور روڈریگو ڈی پال بھی موجود تھے۔تاہم کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہونے والا ایونٹ بدانتظامی کا شکار ہو گیا، جہاں ہجوم کے باعث میسی شائقین کو واضح طور پر نظر نہ آ سکے۔ بعد ازاں مشتعل شائقین کی جانب سے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی، جس پر حکومتِ مغربی بنگال نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم قائم کر دی ہے۔منتظمین کے مطابق میسی کو سیکیورٹی خدشات کے باعث عوامی ہجوم میں جسمانی قربت ناپسند تھی، اس کے باوجود انہیں گھیر لیا گیا، جس پر وہ ایونٹ ادھورا چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔ واقعے کے بعد مغربی بنگال کے وزیرِ کھیل اروپ بسواس بھی تنقید کی زد میں آ گئے اور انہوں نے عہدے سے استعفی دے دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ مالی معاملات، سیکیورٹی غفلت اور بدانتظامی کے تمام پہلوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں