40

لیگی امیدواروں کو نواز شریف خود پارٹی ٹکٹ دیں گے

لاہور (بیوروچیف) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کی تمام نشستوں سے اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ پارٹی قائد نواز شریف نے کہا کہ انتخابات کے لئے ٹکٹ میرٹ پر دئیے جائیں گے اور نظریاتی ورکرز کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پارٹی صدر و وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔ نواز شریف نے شہباز شریف اور مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلانے کی ہدایت کی ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کی تمام نشستوں سے اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں چیف آرگنائزر مریم نواز نے صوبے بھر کے امیدواروں کے چنائو کے حوالے سے اپنی سفارشات نواز شریف کو ارسال کر دی ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے حتمی امیدواروں کا چنائو پارلیمانی بورڈ کی سفارشات اور انٹرویو کے بعد ہو گا۔جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پارلیمانی بورڈ کی خود صدارت کریں گے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی انتخابات کے لئے ٹکٹ میرٹ پر دئیے جائیں گے، پارٹی ٹکٹ دیتے وقت نظریاتی ورکرز کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں