مائیکروسافٹ ملازمین کا فلسطین کے حق میں احتجاج

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ کی گولڈن جوبلی تقریب میں ملازمین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کروا دیا۔مائیکروسافٹ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی مرکزی تقریب میں کچھ ملازمین نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا۔تقریب کے دوران معاملات اس وقت کشیدہ ہوئے جب مائیکروسافٹ اے آئی کے سربراہ مصطفی سلیمان کمپنی کے نئے AI اسسٹنٹ Copilot کی اپڈیٹس اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈال رہے تھے۔اسی دوران مائیکروسافٹ کی ایک خاتون ملازم ابتہال ابوسعید اسٹیج کے قریب پہنچیں اور پرعزم آواز میں کہا مصطفی تمہیں شرم آنی چاہیے، تم AI کو بہتری کے لیے استعمال کرنے کی بات کرتے ہو، جبکہ مائیکروسافٹ اسرائیلی فوج کو مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی مہیا کر رہا ہے، 50ہزار افراد شہید ہو چکے ہیں اور کمپنی اس ظلم کو بڑھاوا دے رہی ہے۔اس احتجاج پر مصطفی سلیمان نے مختصر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے احتجاج کا شکریہ میں نے آپ کی بات سن لی ہے۔مگر ابتہال نے جواب میں کہا کہ آپ کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، پورا مائیکروسافٹ خون آلود ہے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور سابق سی ای او اسٹیو بالمر بھی موجود تھے، جنہوں نے یہ سب منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں