ماتحت افسران کمشنر مریم خان کے احکامات ماننے سے گریزاں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان کی طرف سے شہر کی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کے سخت احکامات کو ماتحت عملہ نے ہوا میں اڑا دیا’ سب اچھا کی رپورٹ دینے والے سرکاری اداروں کے سربراہان کا ڈویژنل کمشنر کے سخت احکامات پر عملدرآمد کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں’ شہر کی تعمیر وترقی کے احکامات نہ ماننے والے افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ۔ ذرائع کے مطابق ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مریم خان اچھی شہرت کی مالک ہیں، انہوں نے قبل ملتان میں بھی بہترین ایڈمنسٹریٹر کے طور پر فرائض سرانجام دیتے ہوئے شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کے مسائل حل کرنے میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور فیصل آباد میں تعیناتی کے بعد شہر کی بیوٹیفکیشن’ عوام کی فلاح وبہبود اور شہر کی تعمیر وترقی کے لیے کوشاں ہیں اور انہوں نے شہر کی ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں’ بالخصوص جھال خانوآنہ پل کی درستگی کیلئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد سید علی بخاری اور دیگر افسران کے ہمراہ وزٹ کرتے ہوئے افسران کو سخت الفاظ میں احکامات جاری کئے گئے تھے۔ پی ایچ اے فیصل آباد کو شہر کی بیوٹیفکیشن’ گرین بیلٹس’ پارکوں میں شجرکاری مہم کے لیے احکامات جاری کئے گئے تھے، محکمہ واسا کے سربراہان کو بھی شہر میں فراہمی ونکاسی آب کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے اور شہریوں کے مسائل حل کروانے کا حکم دیا گیا تھا۔ ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ٹھنڈے کمروں میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کر مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری محکموں کے افسران کو کرسی کا خمار ہے جو کہ ڈویژنل کمشنر کے سخت احکامات پر عملدرآمد کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں اور شہری مسائل جوں کے توں ہیں۔ کمشنر کے کسی بھی احکامات پر عملدرآمد نہ کر رہے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران وماتحت عملہ ڈویژنل کمشنر مریم خان کو ناکام کرنے پر عمل پیرا ہیں۔ شہری حلقوں نے ڈویژنل کمشنر مریم خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے احکامات کو نظرانداز کرنے والے ماتحت عملہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور وہ سرکاری افسران وماتحت عملہ کے احتسابی عمل کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف موثر کارروائی کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں