کراچی(بیوروچیف)تحریک قیام پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کا دست بازو رہنے والی ہمشیرہ مادر ملت فاطمہ علی جناح کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی محترمہ فاطمہ جناح ایک عہد ساز شخصیت تھیں، آج ان کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔فاطمہ جناح قائد اعظم محمد علی جناح کی سب سے چھوٹی اور لاڈلی بہن تھیں، محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے عظیم بھائی کے شانہ بشانہ مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا، انہوں نے پہلی مرتبہ بیسویں صدی کی خواتین کیلئے سیاسی سفر کا آغاز کیا ۔آپ پاکستانی قوم کیلئے ماں کا درجہ رکھتی تھیں اسی لئے انھیں مادر ملت کا خطاب ملا، محترمہ فاطمہ جناح کی کوششوں کے نتیجے میں کراچی میں آپ کے نام پر خاتون پاکستان سکول کی بنیاد رکھی گئی جو 1963 میں کالج بن گیا۔محترمہ فاطمہ جناح اپنی اکثر تقاریر میں قوم سے اردو لکھنے، بولنے، پڑھنے پر زور دیتی تھیں، فاطمہ جناح ایک ممتاز سیاسی شخصیت اور خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں۔پاکستان کیلئے سب کچھ قربان کر دینے والی یہ عظیم ہستی 9 جولائی 1967 کو 73 برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کر گئیں، آپ کا مزار قائد اعظم کے مزار کے احاطے میں ہے۔
44