فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد سمیت ملک بھر میں شوگر مافیا سرگرم’ عید گزرتے ہی چینی کی قیمتوں میں 20 سے 25 روپے فی کلو اضافہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے شوگر ملوں کی چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت ملتے ہی ملک بھر میں چینی کی سپلائی روک دی، چینی کی قلت پیدا ہوتے ہی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی۔ جبکہ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت نے شوگر ملوں کو ایکسپورٹ کی اجازت نہ ملنے پر چینی کی قیمتیں بتدریج کم ہو رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چینی کی ایکسپورٹ کی آڑ میں شوگر مافیا چینی سمگل کرنے میں بھی مصروف ہے۔ حکومت چینی کی سمگلنگ کو روکنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر ملوں نے چینی کی وافر مقدار ظاہر کر کے حکومت کو رام کرتے ہوئے چینی کی وافر مقدار ایکسپورٹ کرنے کی اجازت مانگی تو حکومت شوگر مافیا کی باتوں میں آ کر چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی تو شوگر مافیا سرگرم ہو گیا۔ ایکسپورٹ کے ساتھ ساتھ چینی کی سمگل بھی شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق تقریباً ایک کروڑ بوری چینی سمگل ہو چکی ہے اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے جسکی وجہ سے شوگر کا شارٹ فال ہو گیا۔ چینی کی مقدار کم ہونے پر شوگر مل مالکان نے عید سے قبل چینی کی قیمت ایک سو روپے کے لگ بھگ تھی وہ اب 125 تا 130 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور آئے روز اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے شہری تنگ ہیں کہ اب شوگر مافیا نے بھی چینی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہمسایہ ملک بھارت نے چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دی تو وہاں پر چینی کی قیمتیں بتدریج کم ہو رہی ہیں جبکہ ہمارے ملک میں الٹی گنگا بہنے لگی۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر چینی کی ایکسپورٹ بند اور چینی کی سمگلنگ کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کرے۔
31