مالم جبہ کی خوبصورتی نے سیاحوں کو مسحور کر دیا

سوات (نامہ نگار)قدرتی حسن سے مالا مال اور برف پوش پہاڑوں میں گھرا معروف سیاحتی مقام ملم جبہ رمضان المبارک میں بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیاجہاں حالیہ برفباری کے بعد چاروں جانب پھیلی سفیدی نے علاقے کی خوبصورتی کو دوبالا کر دیا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد ملم جبہ کا رخ کر رہی ہے اور خوشگوار موسم، ٹھنڈی ہواں اور دلکش مناظر سے بھرپور لطف اٹھا رہی ہے۔ برف سے ڈھکی وادی میں افطار کے لمحات سیاحوں کیلئے یادگار بن گئے ہیں جہاں قدرتی ماحول میں افطار ڈنر کا منفرد تجربہ انہیں اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔سیاحوں کی بڑی تعداد پی سی لم جبہ میں خصوصی افطار و ڈنر میں شریک ہو رہی ہے جہاں ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ افطار دسترخوان پر روایتی پاکستانی پکوانوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کھانوں کی متنوع ڈشز پیش کی جا رہی ہیں، جبکہ گرم مشروبات اور مقامی ذائقوں نے سرد موسم میں افطار کے لطف کو مزید بڑھا دیا ہے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ برف پوش پہاڑوں کے درمیان افطار کرنا ایک منفرد اور یادگار تجربہ ہے جو انہیں دوبارہ سوات آنے پر مجبور کرتا ہے۔اس موقع پر پی سی انتظامیہ کے سعید الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملم جبہ میں سیاحوں کی بڑھتی آمد علاقے میں سیاحت کی بحالی کا مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی مالم جبہ میں مہمانوں کو معیاری رہائش، بہترین سروس اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ قدرتی مناظر کے ساتھ پرسکون وقت گزار سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی افطار و ڈنر کا اہتمام سیاحوں کیلئے ایک منفرد کشش بن چکا ہے اور انتظامیہ مستقبل میں بھی سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔مقامی افراد کے مطابق سیاحوں کی آمد سے علاقے کی معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباروں میں رونق لوٹ آئی ہے جس سے روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین سیاحت کا کہنا ہے کہ ملم جبہ کی قدرتی خوبصورتی، بہتر سکی سہولیات اور پرامن ماحول اسے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاحت کیلئے بھی ایک اہم مقام بنا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں