32

ماموں کانجن میں یوٹیلیٹی سٹور پر واردات ‘ علی ٹائون میں دودھ فروش قتل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)اتھرے ڈاکوئوں نے آج پھرعلی ٹائون میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گوالہ کوقتل کردیا ماموں کانجن میں یوٹیلٹی سٹورلوٹ لیا جبکہ باپ اورماموں کے جھگڑے کے دوران 10سالہ بچی گلے پرچھری لگنے سے لہولہان ہوگئی۔پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کردی۔بتایا جاتا ہے کہ جڑانوالہ کا رہائشی علی رضا دودھ فروخت کرنے کیلئے علی ٹائون آیا جہاں پر مسلح ڈاکوئوں نے روک کر سب کچھ حوالے کرنے کو کہا تومزاحمت پر گولیاں مارکر موت کے گھاٹ اتارکرفرار ہو گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورنعش کو قبضہ میں لیکرپوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کردی جبکہ تھانہ ماموں کانجن کے علاقہ بنگلہ چوک میں واقع یوٹیلٹی سٹورمیں تین مسلح ڈاکو داخل ہوئے اورانچارج یوٹیلٹی سٹور عابد عباس سمیت دیگر عملہ کوگن پوائنٹ پر ہراساں کرتے ہوئے دن بھر کی سیل ایک لاکھ 59ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود سماج دشمن عناصر کا سراغ نہ لگا سکی۔علاوہ ازیں منچن آباد کے رہائشی ارشد اپنی بیٹی ذکیہ کو کچھ عرصہ قبل سسرال واقع بٹالہ کالونی کے علاقہ غوث نگر گلی نمبر1 ماموں کے پاس چھوڑ کر چلا گیا تھا گزشتہ روز 10 سالہ بیٹی ذکیہ کو لینے آیا تو سالے اور بہنوئی کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی، جس پر مشتعل ملزم ارشد نے طیش میں آ کر برادر نسبتی پر چھری سے وار کیا جو اسکی اپنی 10 سالہ بیٹی ذکیہ کے گلے پر لگا اور وہ خون میں لت پت ہو کر گر پڑی تو مبینہ ملزم باپ موقع سے فرار ہو گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے مضروبہ کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال پہنچا دیا، جہاں ڈاکٹر اسکی جان بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست پر کارروائی ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں