ماڈل بازار کے دکانداروں کو نقصان کا ازالہ کرنیکی یقین دہانی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی اور سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل کا ہولناک آتشزدگی کے بعد جھنگ روڈ پر ماڈل بازار کا دورہ’ متاثرہ دکانداروں کو ایک ہفتہ کے اندر حکومت سے نقصان پورا کروانے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز جھنگ روڈ پر واقع ماڈل بازار میں سحری کے وقت شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ماڈل بازار میں درجنوں دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ آگ لگنے کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ ریسکیو1122 کی چھ گاڑیوں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ جھنگ روڈ ماڈل بازار میں ہولناک آتشزدگی کے باعث درجنوں دکانداروں کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل جانے پر سابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی اور سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے جھنگ روڈ ماڈل بازار پہنچ گئے۔ جہاں پر اُنہوں نے متاثرہ دکانداروں سے ملاقات کر کے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ دکانداروں کو یقین دلایا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر حکومت سے ان کا نقصان کا ازالہ کروایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں