ماڈل رمضان بازاروں سے لوگوں کو بھرپور ریلیف کی فراہمی جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے ماڈل رمضان بازار جھنگ روڈ کا دورہ کرکے وہاں اشیا پر فراہم کی جانے والی رعایت پر اظہار اطمینان کیا اور اس بارے شہریوں سے بھی استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے انہیں رمضان بازاروں اور پرائس کنٹرول کیلئے اقدامات بارے بریفنگ دی-وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس بار شہریوں کو دو طرح کے رمضان پیکجز دیئے ہیں-نگہبان رمضان پیکج کے تحت نقد رقوم کی فراہمی اور ماڈل رمضان بازاروں کے اقدامات مثالی ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن کم آمدن افراد کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ معاون خصوصی کا اس موقع پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھاکہ ماہ رمضان میں مہنگائی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں-حکومت پنجاب کیطرف سے 30لاکھ گھرانوں کیلئے 30ارب روپے کے رمضان پیکج کی مثال نہیں ملتی۔ ماڈل رمضان بازاروں میں فی کلو چینی 130روپے پر فراہمی کیساتھ آٹا اور دیگر اشیا خوردونوش بھی مارکیٹ سے نہایت کم نرخ پر دستیاب ہیں۔ معاون خصوصی کا اس موقع پر مزید کہنا تھاکہ پہلی مرتبہ اہل مستحق افراد کو 10،10ہزار روپے کے پے آرڈز انکی دہلیز پر دیئے جارہے ہیں۔ پے آرڈرز رقوم میں کٹوتیاں کرنے ہر صوبہ میں 96افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج کرایا گیا ہے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول، نگہبان رمضان پیکج کے پے آرڈز کی تیزی کیساتھ ترسیل اور تجاوزات کیخلاف مثالی کارکردگی پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ سلمی بٹ نے جھنگ روڈ پر گھر گھر جاکر شہریوں میں نگہبان رمضان پیکج کے پے آرڈرز بھی تقسیم کیئے۔ انہوں نے قبل ازیں اجلاس میں نگہبان رمضان پیکج اور ماڈل رمضان بازاروں بارے بریفنگ بھی لی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو محمد عثمان گھمن، (جنرل)کیپٹن (ر)طیب سیمی خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عتیق اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہزاد اکرم،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عمر اظہر کمبوہ،انچارج رمضان بازار محمد زاہد بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں