ماڑی پتن و دیگر مقامات پر سیلابی صورتحال،ریسیکو ادارے ہائی الرٹ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تحصیل تاندلیانوالہ میں دریائے راوی کے ملحقہ علاقوں ماڑی پتن، شیرازہ پتن اور موزہ شاہ عالم کے مقام پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فضل عباس، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ اور اسسٹنٹ کمشنر اذکا سحر نے سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے حفاظتی اقدامات اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اس موقع پر بتایا کہ دریائے راوی کے قریبی علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ عوام کو اپیل کی گئی ہے کہ سیلابی پانی کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ریسکیو اور انتظامیہ ہر لمحہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ سیلاب کے خطرات کے پیش نظر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ریسکیو 1122 ہائی الرٹ پر ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں