ماہ اپریل میں گراں فروشوں کیخلاف86ہزار کارروائیاں

سرگودہا (بیورو چیف)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز / پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے یکم اپریل سے اب تک 28 روز میں گراں فروشوں کیخلاف 86 ہزار کاروائیاں کیں، پرائس ایکٹ کی خلاف وزی پر 30 لاکھ 66 ہزار پانچ سو روپے جرمانے عائد، 144 افراد گرفتار، 55 مقدمات کا اندراج اور 59 کاروباری مراکز کو سیل کردیا گیا. ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول میکنزم کو بہتر بنایا گیا ہے، گلی محلوں اور تمام یونین کونسلوں میں پرائس مجسٹریٹس باقاعدگی سے چھاپہ مار کاروائیاں کررہے ہیں تاکہ مصنوعی مہنگائی کا تدارک یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے پٹرول، پھلوں /سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت کے حوالے سے درجنوں مارکیٹوں پر چھاپہ مار کاروائیاں کیں اور مصنوعی مہنگائی کا سبب بننے والے دوکانداروں کو جرمانے عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اس سلسلہ میں شہری ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور جہاں کہیں بھی مہنگے داموں اشیائے ضروریہ کی فروخت ہو تو فوری نشاندہی کرتے ہوئے شکایات درج کروائیں تاکہ غیر قانونی منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے شکنجے میں لاتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز/پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پھل، گوشت، سبزیاں، برائیلر مرغی، دودھ دہی، پٹرول اور دیگر کی مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کیلئے فیلڈ میں متحرک رہیں اور روزانہ کی بنیاد پر چھاپہ مار کاروائیاں کریں۔ صارفین کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ممکن بناتے ہوئے مصنوعی مہنگائی کے جن کو قابو کیا جا سکے۔ انہوں نے افسران سے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے کسی بھی فرد کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں