33

ماہ مئی کے دوران مختلف حادثات میں586افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گزشتہ ماہ مئی کے دوران مختلف حادثات سے مجموعی طور پر 586 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ذرائع کے مطابق ریسکیو1122 کو گزشتہ ماہ مئی کے دوران کنٹرول روم کو 13960 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، ریسکیو ٹیموں نے بروقت موقع پر پہنچ کر مضروبان کو ریسکیو کرتے ہوئے طبی امداد فراہم کی۔ ٹریفک حادثات کی 2671′ آگ لگنے کی 300′ ڈوبنے کے 15′ عمارتیں گرنے کے 13′ قتل’ اقدام قتل’ خودکشی’ اقدام خودکشی’ لڑائی جھگڑے کی 360′ میڈیکل ایمرجنسی کی 9376 اور دیگر متفرق 1126 واقعات رونما ہوئے۔ اسی دوران ٹریفک حادثات میں 32اور مجموعی طور پر 586افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ آگ لگنے کے واقعات کے دوران ریسکیو1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاتے ہوئے 78کروڑ سے زائد کی املاک کو نقصان سے بچایا اور انسانی زندگیوں کے ساتھ ساتھ 99کالز پر پرندوں اور جانوروں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ اس موقع پر نہر میں ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے اپنے پیغام میں کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران شدید گرمی کے باعث عموماً بچے نہروں کا رخ کرتے ہیں نہر میں نہانا خطرے سے خالی نہیں لیکن چھوٹے بڑے جان کی پرواہ کئے بغیر نہر میں کود جاتے ہیں اور اسکے علاوہ کرتب دکھاتے ہوئے پل سے چھلانگ لگاتے ہیں اور کبھی کبھار نہر کنارے لگے درختوں پر چڑھ کر بھی نہر میں کودتے ہیں۔ پانی کے تیز بہائو کی وجہ سے ہر سال موسم گرما میں کئی ناخوشگوار واقعات رونما ہوتے ہیں اور اکثر بچے اور نوجوان اپنی جان گنوا بیٹھتے ہیں۔ نہر میں اندازہ لگانا انتہائی مشکل ہوتا ہے کہ پانی کس طرف زیادہ گہرا ہے لوگ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر گہرے پانی میں چلے جاتے ہیں اور بعض اوقات گہری دلدل میں پھنس یا پتھر سے ٹکرا کر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو نہر میں نہانے سے روکیں تاکہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں