مبینہ پولیس مقابلوں میں 4منشیات فروش ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد کے علاقہ غلام محمد آباد نمبر2 کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ میں دو بدنام منشیات فروش اپنے انجام کو پہنچ گئے، پولیس نے منشیات فروشوں کی نعشیں ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ نے بتایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے غلام محمد آباد نمبر2 میں چھاپہ مارا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی نشاط آباد پولیس’ ڈولفن فورس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کے دوران دو افراد مردہ حالت میں پڑے تھے، جن کی شناخت منشیات فروش غلام شبیر ولد سلمان سکنہ 70 ج ب اور احسن عرف کمانڈو ولد حنیف سکنہ 279 رب کے ناموں سے ہوئی جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے مرنے والے منشیات فروشوں کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں اثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی مدینہ ڈویژن کیساتھ ملت ٹائون کے علاقہ پل مکھن کے قریب مبینہ مقابلہ کے دوران دو بدنام زمانہ منشیات فروش ہلاک’ جبکہ ان کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی سرکل مدینہ ڈویژن علی اکرام گورایہ نے بتایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ملت ٹائون کے علاقہ مکھن پل رسول پورہ لنک روڈ پر ناکہ لگا رکھا تھا کہ اسی دوران 2مشکوک موٹرسائیکل پر سوار چار افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو افراد زخمی حالت میں پڑے تھے، ان کی شناخت سکندر اور شہزاد کے نام سے ہوئی جو کہ بدنام زمانہ ریکارڈ یافتہ منشیات فروش اور درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس نے مرنے والے منشیات فروشوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں