مبینہ پولیس مقابلوں میں1ڈاکو ہلاک،دوسراشدید زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ڈی ٹائپ کالونی اور غلام محمد آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک اور زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے بری طرح زخمی ہو گیا جبکہ ان کی ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے اس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق غلام محمد آباد کی ایگل گشت کر رہی تھی کہ ڈھیرہ سائیں قبرستان کے قریب 2موٹرسائیکلوں پر سوار تین مسلح ڈاکو شہری کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے لگے تو تعاقب کرنے پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد اور انچارج چوکی سدھوپورہ پولیس پارٹی کی نفری موقع پر پہنچ گئے۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے دیکھا کہ ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں پڑا تھا، جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا، مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت طالب حسین کے نام سے ہوئی جو کہ پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ پایا گیا جبکہ دوسرا مقابلہ تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ دھپ سڑی کے قریب ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر محمد اسلم صابری ماتحت عملہ کے ہمراہ پکڑے جانے والے ڈکیتی کے ملزم کامران کو برآمدگی کیلئے لے جا رہے تھے کہ بجلی گھر کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے ساتھی کو چھڑا کر فرار ہو گئے۔ ملزم کی فراری کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ڈی ٹائپ کالونی محمد ریاض اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو تعاقب کرنے پر دھپ سڑی کے قریب آمنا سامنا ہو گیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے حفاظت خودااختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے دیکھا تو زیرحراست ملزم کامران ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروبی کی حالت میں پڑا تھا۔ جسے تشویشناک حالت میں علاج معالجہ کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ تاہم پولیس نے فرار ہونیوالے اسکے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں