مبینہ پولیس مقابلہ،زیر حراست ڈکیت ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ گٹ والا کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں زیرحراست ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ اسکے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون سب انسپکٹر عدیل اکرم نے بتایا کہ وہ اے ایس آئی نعیم غضنفر ماتحت عملہ کے ہمراہ ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث ملزم کلاش مسیح ولد پرویز مسیح سکنہ 204 رب کو برآمدگی کیلئے لے جا رہے تھے کہ جب وہ 205 رب لنک روڈ سے 199رب گٹ والا کی طرف جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل سوار 5مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے زیرحراست ملزم کو چھڑوا کر گٹ والا کی طرف روانہ ہو گئے، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او عدیل اکرم نے پولیس کی نفری کے ہمراہ تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر کے فصل کماد میں گھس کر فائرنگ جاری رکھی۔ پولیس کی طرف سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو کلاش مسیح شدید زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو چکے تھے۔ مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو ریکارڈ یافتہ اور پولیس کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ پولیس نے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں