مبینہ پولیس مقابلہ،1ڈاکو ہلاک،2زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ کوڑا سٹینڈ محلہ عثمان غنی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی زخمی حالت میں گرفتار’ پولیس نے نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا’ مرنے والے ڈاکو نے عید سے قبل سبحان چوک میں ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹا تھا’ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ڈاکوئوں نے دھوبی خانہ کے قریب شہری ارسلان سے 50ہزار چھین کر سیم غلام محمد آباد نمبر2 کی طرف بھاگے، واردات کی اطلاع ملتے ہی انچارج چوکی اچکیرہ’ سدھوپورہ موبائل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ان کا تعاقب شروع کیا تو یوسف چوک سیم کے قریب ڈاکوئوں کا انچارج چوکی اچکیرہ سب انسپکٹر طیب بلال سے آمنا سامنا ہوا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے 100 ج ب کڑی والا پل ک طرف فرار ہو گئے۔ کڑی والا پل پر ان کا سامنا انچارج چوکی سدھوپورہ ملک عمران سے ہوا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے بیس لائن کوڑا سٹینڈ محلہ عثمان غنی کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی تو اس دوران ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد یوسف شہزاد بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ انچارج چوکی اچکیرہ اور انچارج چوکی سدھوپورہ بھی تعاقب کرنے پر پہنچ گئے تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو تین ڈاکو زخمی حالت میں پڑے تھے جبکہ ان کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہو چکا تھا۔ زخمی ہونے والوں کی شناخت علی احمد ولد محمد افضل سکنہ 61 ج ب دھروڑ’ شہود انجم ولد انجم کلیم سکنہ 32 ج ب اور عثمان ولد امجد سکنہ ساہیوال کے نام سے ہوئی جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا، جہاں پر علی احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا جوکہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 23 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جبکہ زخمی ڈکیت بھی پولیس کو مختلف وارداتوں میں مطلوب تھے۔ مذکورہ ڈاکوئوں نے چند روز قبل غوثیہ آباد میں بھی ناکہ لگا کر شہریوں سے نقدی اور موبائل فون چھیننے میں ملوث تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عیدالفطر سے قبل مذکورہ ڈاکوئوں نے سبحان چوک میں بھی ناکہ لگا کر مقصود عرف سودی’ علی اور عثمان سے بھی نقدی اور فونز چھینے تھے۔ جس پر اے ایس آئی رضا عباس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوئوں کا تعاقب کیا تاہم اے ایس آئی رضا عباس معطل ہو گیا تھا لیکن اس نے معطلی کے باوجود شہر میں وارداتیں کرنے والے ڈاکوئوں کی تلاش جاری رکھی اور گزشتہ شب بھی مذکورہ شہری ارسلان سے 50ہزار چھین کر فرار ہوئے تو سی پی او نے ڈاکوئوں کی گرفتاری کا حکم دیا تو ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد یوسف شہزاد سپرا’ انچارج چوکی سدھوپورہ ملک عمران’ انچارج چوکی اچکیرہ سب انسپکٹر طیب بلال نے اے ایس آئی رضا عباس کی نشاندہی پر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجہ میں ڈاکوئوں کا سرغنہ علی احمد ہلاک اور اس کے دو ساتھی زخمی حالت میں پکڑے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں