مبینہ پولیس مقابلہ ،ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی کیساتھ غلام محمد آباد کے علاقہ جواد کلب سیم پل کے قریب مبینہ مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈکیت کو ہسپتال منتقل کر کے اسکے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کرائم کنٹرول یونٹ کے سب انسپکٹر فاروق ناظر نے غلام محمد آباد کے علاقہ جواد کلب سیم پل کے قریب ناکہ لگا رکھا تھا کہ اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جبکہ اسکے تین ساتھی موقع سے فرار ہو چکے تھے۔ زخمی ہونیوالے ڈاکو کی شناخت فیصل ولد جاوید سکنہ فاروق آباد کے نام سے ہوئی جو کہ ڈیڑھ درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر کے اسکے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں