مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار،ساتھی فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ باہلک کے علاقہ پنڈی شیخ موسیٰ موڑ پر مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مضروب کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر خرم سیف نے اپنے ساتھی پولیس ملازمین کے ہمراہ دوران گشت مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی، تاہم پولیس پارٹی نے ریسکیو15 پر کال کرتے ہوئے ڈاکوئوں کا تعاقب کرتے ہوئے فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو زخمی حالت میں پڑا تھا جس کی شناخت امین عرف مینو سکنہ 606 گ ب کے نام سے ہوئی۔ جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 50 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈکیت کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں