مبینہ پولیس مقابلے۔ کمسن بچیوں سے زیادتی کرنیوالا ہلاک۔ 2زخمی ڈاکو گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران زیرحراست کم سن بچیوں سے زیادتی کرنے والا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک’ جبکہ دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق انچارج سی سی ڈی لائلپور ٹائون انسپکٹر حسن صدیق چیمہ کم سن بچیوں اور بچوں کی ویڈیو بنا کر نہ صرف بلیک میل کرتا بلکہ ان کو ہوس کا نشانہ بھی بناتا تھا اور ملزم محسن ولد یٰسین سکنہ ٹول ٹیکس ستیانہ روڈ کو برآمدگی کیلئے لے جا رہے تھے کہ جب وہ ستیانہ روڈ یوآر او کالونی زک پٹرولیم کے قریب پہنچے تو ملزم کے ساتھیوں نے چھڑانے کیلئے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے ساتھی کو چھڑا لیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر دیکھا تو ملزم محسن ولد یٰسین مردہ حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والا محسن 20بچوں اور بچیوں کی نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کر چکا تھا۔ جبکہ دوسرا مبینہ مقابلہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ ایوب ریسرچ کے قریب ہوا جہاں پر سی سی ڈی اقبال ڈویژن کے انچارج عمر سرفراز وڑائچ نے ناکہ کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جبکہ پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے ریسکیو15 پر کال کی تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر پولیس پارٹی نے دیکھا تو دو افراد زخمی حالت میں پڑے تھے۔ جن کی شناخت حمزہ اور عدیل کے ناموں سے ہوئی۔ جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ زخمی ڈاکو عدیل کے خلاف ڈکیتی’ راہزنی کے 21مقدمات جبکہ حمزہ کے خلاف 15وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے اور تقریباً اڑھائی ماہ قبل منصورآباد کے علاقہ میں ٹی سی ایس کے ڈلیوری بوائے کو مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں