متاثرین سیلاب کیلئے نئی امیدووں کے چراغ روشن ہوگئے

اوچ شریف(بیورو چیف )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں نے تباہ حال خاندانوں کے لیے نئی امیدوں کے چراغ روشن کر دیے ہیں۔ محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک بہاولپور کی مشترکہ کوششوں سے تحصیل احمد پور شرقیہ کے مختلف دیہات میں جدید سہولیات سے مزین فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جو متاثرہ عوام کے لیے فوری اور جامع امداد کا ذریعہ بن رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نوشہرہ جدید، پیپلی راجن، جھانگڑہ شرقی، خیرپور ڈاہا، دھوڑ کوٹ، بکھری، نور پور جدید، محمد پور بیٹ بختیاری، چک کہل اور بلھلا جھلن میں قائم ان کیمپس میں متاثرین کو نہ صرف مفت طبی معائنہ، ایمرجنسی علاج اور معیاری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ بچوں کے حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب مویشیوں کے تحفظ کے لیے ویکسینیشن، فیڈ سپورٹ اور جدید ویٹرنری سروسز بھی فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ دیہی معیشت کے بنیادی ستون کو سہارا دیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر ان ریلیف کیمپس کو فوری امداد کے مراکز کے ساتھ ساتھ وبائی امراض کے پھیلا کو روکنے کے لیے بھی فعال کردار دیا گیا ہے۔ کیمپس میں ماہر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل عملہ اور ویٹرنری ٹیمیں 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہی ہیں۔متاثرہ خاندانوں نے حکومتی اقدامات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کیمپس نے زندگی دوبارہ بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایک متاثرہ کسان نے کہا کہ “ان کیمپس کی بدولت ہمارے خاندان کو بروقت طبی امداد اور مویشیوں کو تحفظ ملا ہے، جس سے ہمارا روزگار محفوظ ہوا ہے۔”وزیراعلی مریم نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے گی اور متاثرین کی مکمل بحالی تک کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کیمپس میں صاف پانی، غذائی امداد، عارضی رہائش اور بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات کے فوری انتظامات کیے جائیں تاکہ متاثرہ عوام کی مشکلات کم سے کم کی جا سکیں۔یہ اقدامات نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف اور بحالی کا ایک مثر ذریعہ ہیں بلکہ پنجاب حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی شاندار مثال بھی قرار دیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں