مثالی گائوں پروگرام کی کڑی نگرانی کی ہدایت

لاہور (بیوروچیف) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ”مثالی گائوں پروگرام ” کے تحت صوبے کے302دیہات میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ذیشان رفیق کو پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور پی آر ایم ایس سی کے سی ای او خرم پرویز نے شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ آفس کے سیکرٹری کوآرڈینیشن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے ابتدائی طور پر 485دیہات میں ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دی گئی تھی، جن میں سے 464دیہات کے منصوبوں کی منظوری ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں سے حاصل ہو چکی ہے۔ مزید برآں 357دیہات کے لیے ورک ایوارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 302دیہات میں کنٹریکٹرز نے عملی طور پر کام سنبھال لیا ہے۔وزیر بلدیات نے پروگرام کی موثر نگرانی کے لیے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تقریباً 22ہزار 986دیہات میں 41ہزار سے زائد چھپڑ موجود ہیں، جن کی بحالی کے ساتھ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلیوں، ڈرینج سسٹم اور پارکس کی بہتری کے ساتھ 200دیہات میں واٹر سپلائی اسکیمیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں چھپڑوں کی زمین پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ذیشان رفیق نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو تجاوزات ہٹانے کا ٹاسک سونپنے کی ہدایت کرتے ہوئے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں