محترمہ بے نظیربھٹو کی شہادت کو 18 برس بیت گئے

کراچی (بیوروچیف) اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیربھٹو کی شہادت کو اٹھارہ برس بیت گئے۔بے نظیربھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں، جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں،بینظیر کے والد کو پھانسی پر چڑھایا گیا،دو بھائی قتل ہوئے ، بدترین آمریتوں کا سامنا رہا، جلاوطنی کاٹی لیکن جمہوری جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں۔بینظیر بھٹو 21جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے کونوینٹ آف جیززایند میری کراچی گرامر اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی جبکہ ہارورڈ اور آکسفورڈ وہ درسگاہیں ہیں، جہاں سے بی بی نے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی قوانین میں اعلی تعلیم حاصل کی۔27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے سے واپسی پر ان پر جان لیوا حملہ کیا گیا اور یوں عوام کی یہ محبوب لیڈر المناک انداز میں دنیا سے رخصت ہوگئی۔بینظیر بھٹو کو لاڑکانہ کے گڑھی خدا بخش میں والد ذوالفقار علی بھٹو اور بھائیوں مرتضی بھٹو اور شاہنواز بھٹو کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔دریں اثنا۔اسلام آباد (بیوروچیف) صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا بے نظیر بھٹو ہمیں یاد دلاتی تھیں کہ اصل بدلہ جمہوریت ہے انکا پیغام ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے صدر آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو کی 18برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بینظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیرِاعظم تھیں،بینظیر بھٹو نے آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کے حق کا دفاع کیا، غریب،کسان اور مزدور بینظیر بھٹو کی سیاست کا مرکز رہے۔ صدرمملکت نے مزیدکہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بینظیر بھٹو کے وژن کا اہم حصہ تھا، انتہا پسندی کیخلاف بینظیر بھٹو کا موقف ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا پاکستان میں جمہوریت کبھی سرنڈر نہیں کرے گی،انصاف آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔وزیراعظم محمدشہبازشریف نے محترمہ بینظیربھٹوکے یوم شہادت پرپیغام میں کہاآج ہم پاکستان کی عظیم بیٹی،سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی برسی منا رہے ہیں،بینظیر بھٹونے جمہوریت اور عوامی حقوق،پاکستان کے استحکام کیلئے بے مثال جدوجہد کی،بینظیر بھٹو نے سیاسی عمل میں رواداری کو فروغ دیاجو لائق تحسین ہے، ملک و قوم کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔بے نظیربھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں،جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں،گڑھی خدا بخش میں سخت سکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے 10ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں