22

محترمہ مریم نواز CM پنجاب کی توجہ کیلئے …

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات پر انعامات کی بارش کر دی ہے، ان طلبہ کو وزیراعلیٰ ہائوس مدعو کیا گیا اور محترمہ مریم نواز تقریب میں اپنی نشست چھوڑ کر طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں، انہوں نے پوزیشن ہولڈرز کی فیس ادا کرنیکا بھی اعلان کیا، یہ تقریب قابل تحسین اقدام ہے مگر کیا ہی اچھا ہوتا کہ اگر اس میں صرف لاہور کی بجائے پنجاب بھر کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کو مدعو کیا جاتا، میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران صرف لاہور بورڈ کے پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء وطالبات کو بلایا گیا حالانکہ یہ پنجاب بھر کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کا حق ہے کہ انہیں ایسی تقریب میں بلاتفریق بلایا جائے مگر ایسا نہ ہونے سے دوسرے علاقوں بالخصوص پسماندہ اضلاع کے طالب علموں میں احساس محرومی جنم لے سکتا ہے اور لاہور کے سوا دیگر علاقوں کے طلبہ کو نظرانداز کرنے سے حکمرانوں اور عوام کے درمیان دوریاں بھی جنم لے سکتی ہیں’ وزیراعلیٰ ہائوس میں پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے، ایک طالبہ اپنے گھر کے حالات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئی اور اس کا کہنا تھا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے والدین پر بوجھ نہیں بننا چاہتی، پہلے لوگوں نے وعدے پورے نہیں کئے’ اب پتہ چل رہا ہے کہ محترمہ مریم نواز ہماری وزیراعلیٰ ہیں، اس ایک موقع پر بات چیت کے دوران ایک طالب علم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی دعوت سے فخر محسوس ہوا اور اعتماد بڑھا ہے، محترمہ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کو ٹرافیاں’ تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات دیئے، پہلی پوزیشن والے طلبہ کو تین، تین لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو دو، دو لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء وطالبات کو ایک ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے، پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کھل کر باتیں کیں اور خوشی کا اظہار کیا، اس موقع پر محترمہ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا، لاہور میں پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کے اعزاز میں جو تقریب انعقاد پذیر ہوئی اس کا دائرہ کار بڑھانا بیحد ضروری ہے، ایسی تقریبات میں صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر کے علاقوں سے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی بلایا جائے، اگرچہ صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈ اپنے اپنے علاقوں میں ایسی تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں، ایسی ہی ایک تقریب فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام ڈویژنل ماڈل کالج کے ہال میں انعقاد پذیر ہوئی، کمشنر فیصل آباد’ چیئرمین ایجوکیشن بورڈ محترمہ سلوت سعید مہمان خصوصی تھی، تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات’ ان کے والدین اور اساتذہ بھی شریک تھے، تقریب کے دوران فیصل آباد بورڈ کے زیراہتمام میٹرک امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر طالبہ عروج فاطمہ کو لیپ ٹاپ’ گولڈ میڈل اور نقد انعام دیا گیا جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن کے حامل طلباء وطالبات کو بھی انعامات دیئے گئے، پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز اپنے اپنے علاقوں میں ایسی تقریبات کرتے رہیں گے اور یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز جس تقریب کا اہتمام کریں اس میں صوبہ کے تمام علاقوں کو مکمل نمائندگی ملنی چاہیے تاکہ پنجاب بھر کے تمام علاقوں میں علم کی روشنی پھیلانے میں مدد ملے، بے شک! ذہین اور محنتی طالب علم وطن عزیز کا روشن مستقبل ہیں، حوصلہ افزائی کے اقدامات طلباء وطالبات پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں جس کی بدولت ان میں مزید عزم وحوصلہ پیدا ہوتا ہے، میٹرک امتحانات میں کامیابی بالخصوص پوزیشن ہولڈرز نے اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے لیکن انہیں ذہن نشین رکھنا چاہیے کہ انہوں نے ابھی کامیابی کی پہلی سیڑھی عبور کی ہے، ترقی کا میدان طلبہ کیلئے کھلا رہے اور انہیں چاہیے کہ وہ صحت مند مقابلے اور علم کی جستجو کیلئے بھرپور محنت جاری رکھیں، پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کے والدین اور اساتذہ کرام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ والدین اپنی اولاد کی تعلیم وتربیت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے، والدین اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کیلئے اپنی جان تک لڑا دیتے ہیں، ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے باوقار مقام پر فائز ہو، والدین اس مقصد کے حصول کیلئے اپنی خواہشات کو بھی قربان کر دیتے ہیں اور ان کا بیٹا یا بیٹی جب امتحان میں کامیابی حاصل کریں یا پوزیشن ہولڈر بن جائیں تو ان کو جو خوشی حاصل ہوتی ہے اسے قلمبند نہیں کیا جا سکتا’ طالب علموں کی کامیابی میں اساتذہ کے کردار کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اساتذہ کرام بھرپور محنت اور لگن سے طالب علموں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں۔ بلاشبہ ! محنت’ لگن اور مسلسل کوشش سے انسان اپنی زندگی بدل سکتا ہے، اس کیلئے خود پر بھروسہ کرنیکی ضرورت ہوتی ہے، انسان کی قابلیت اور صلاحیت کو اس سے کوئی نہیں چھین سکتا، قابل اور بااعتماد انسان ہر حال میں اپنی منزل تک جا پہنچتا ہے، چاہے راستے میں کتنی ہی دشواریاں کیوں نہ ہوں’ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اچھی تعلیم اور اچھی تربیت کے ساتھ ساتھ اچھی سوچ کی بھی پرورش کریں، کیونکہ اس سے ہماری شخصیت کیساتھ ساتھ معاشرہ پر نہایت مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ محترمہ مریم نواز کو بھی چاہیے کہ اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ وہ پورے پنجاب کی وزیراعلیٰ ہیں اور وہ پنجاب بھر کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کو لاہور بلائیں ان کا یہ اقدام یقینی طور پر طلبہ’ والدین اور اساتذہ کرام کی عزت وتوقیر میں اضافے کا باعث بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں