محتسب پنجاب کا”عوامی خدمت پروگرام” کا اعلان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محتسب پنجاب فیصل آباد ریجنل آفس نے عوامی شکایا ت کے بروقت ازالے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے”عوامی خدمت پروگرام”کا اعلان کیا ہے۔یہ پروگرام27اکتوبر سوموارسے باقاعد ہ شروع ہو چکاہے جس کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہے۔پہلے مرحلے میں تحصیل چک جھمرہ کا دورہ کیا جائے گا۔محتسب پنجاب فیصل آباد کا موبائل وین یونٹ پہلے مرحلے میں تحصیل چک جھمرہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گااور عوامی شکایات کا موقع پر اندراج، فوری ریلیف کی فراہمی اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔موبائل وین ٹیم چک جھمرہ بازار،یونین کونسل دفاتر اور گرد و نواح کی آبادیوں میں موجود ہو گی۔شہری حکومت پنجاب کے ماتحت اداروں کی بدانتظامی کے خلاف اپنی شکایات اور درخواستیں موقع پر جمع کرا سکیں گے۔محتسب آفس ان درخواستوں کو فوری طور پر متعلقہ محکموں تک پہنچائے گا تاکہ جلد از جلد ریلیف یقینی بنایا جا سکے۔محتسب پنجاب فیصل آباد کے ایڈوائزرز نے عوام سے تلقین کی ہے کہ وہ موبائل وین پر آ کر محتسب آفس کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہمارا عزم ہے اور یہ پروگرام اسی سلسلے کی ایک عملی کاوش ہے۔بعدازاں آئندہ ہفتوں میں فیصل آباد کی دیگر تحصیلوں اور یونین کونسلز میں بھی یہ آگاہی مہم جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں