محرم الحرام ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونیکا درس دیتا ہے

گوجرہ(نامہ نگار)اہلحدیث یوتھ فورس تحصیل گوجرہ کے صدر حافظ محمد عمران شاکر نے کہا ہے کہ محرم الحرا م ہمیں اپنے فروعی اختلافات ختم کر کے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا درس دیتا ہے۔ ملک میں امن وامان کے لیے، اقتصاد ی صورتحال کی بہتری ترقی و کامرانی کیلئے، دہشتگرد ی کے خاتمہ کیلئے ہمیں قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ یہی ہما رے مسائل کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے AYF تحصیل گوجرہ کے ذمہ داران کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت قرآن و سنت سپریم لاء بنانے اور ملک میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں اسلام کے نفاذ کی جدو جہد میں مصروف عمل ہے۔ کارکن قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر دوسروں کے لئے نمونہ بنیں۔ اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اہل بیت آل رسول و اصحاب رسول کے نقش قدم پر چلنے کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر سینٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم کو امیر اور مولانا عبد الرشید حجازی کو قائمقام ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں