محرم شروع ہونے سے پہلے ہی 8بازاروں میں ناکے،تاجروں میں تشویش کی لہر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین حاجی محمد عابدکی قیادت میں آٹھ بازاروں سمیت شہر بھر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے بار ے میں سی ٹی او فرحان اسلم سے ملاقات کی’ وفد میں سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین سابق ایم این اے میاں عبدالمنان’ سابق نائب صدر FCCI حاجی اسلم بھلی’ ممبران ملک شاہد رسول’ آفتاب بٹ’ چوہدری الطاف رحمانی’ مرزا شہبازشامل تھے ‘ FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین حاجی محمد عابد’ سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین سابق ایم این اے میاں عبدالمنان’ سابق نائب صدر FCCI حاجی اسلم بھلی و دیگر ممبران نے سی ٹی او فرحان اسلم کو آٹھ بازاروں سمیت شہر بھر کی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک کے مسائل سے آگاہ کیا’ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد ہے’ ابھی محرم کا مہینہ شروع بھی نہیں ہوا کہ آٹھ بازاروں میں جگہ جگہ ناکے لگا دیئے گئے ہیں’ کسی کو بازاروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے’ اگر کوئی موٹرسائیکل سوار کسی دوسرے راستے سے بازار میں داخل ہوجاتا ہے تو اس کا کم از کم دوہزار روپے کا چالان کیا جا رہا ہے’ اس سے قبل ہمارے درمیان طے پایا تھا کہ موٹرسائیکل کو بازار میں جانے کی اجازت ہوگی مگر پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی’ اس کے علاوہ لوڈ اور ان لوڈنگ کی بھی اجازت مل گئی تھی مگر اب پھر پرانا وطیرہ شروع ہو چکا ہے’ جس سے کاروبار پر کافی برا اثر پڑا ہے’ لوگوں نے بازاروں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے’ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں آٹھ بازاروں میں ایسے ٹریفک وارڈنز کو لگایا جائے جو شہر کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے واقف ہیں ‘ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے وفد کے ارکان کے مسائل خندہ پیشانی سے سنے اور موقع پر ہی اپنے ماتحت عملے کوآرڈر جاری کئے کہ ٹریفک کے بہائو میں جو بھی مشکلات درپیش ہیں انہیں فوری دور کیا جائے ‘ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ میں خود آٹھ بازاروں کا وزٹ کر کے تاجروں کی مشاورت سے ٹریفک کے مسائل کے حل کو یقینی بنائوں گا اور مل کر ایسا لائحہ عمل مرتب کریں گے تاکہ ٹریفک کے مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے’ انہوں نے ٹریفک سرکل انچارجز کو موقع پر بلا کر انہیں ہدایات جاری کیں اور وفد کے ارکان سے مکمل تعاون کرنے کا کہا’ ہماری ہرممکن کوشش ہو گی جن مسائل کی طرف آپ لوگوں نے نشاندہی کی ہے انہیں فوری حل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں