16

محفوظ معاشرے کی تشکیل کیلئے ہر شہری فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ لے،احتشام واہلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز و تمغہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینیئر احتشام واہلہ کی زیر نگرانی کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں (CERT)کے مابین چیلنج سینٹرل ریسکیو اسٹیشن فیصل آباد میں منعقد کیا گیا۔ اس مقابلے میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں یونین کونسلوں کے رضاکاروں پر مشتمل ٹیموں نے بھرپور شرکت کی اور اپنی فنی مہارت و عملی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ مقابلہ جات میں ہنگامی حالات کے دوران متاثرین کی درجہ بندی، ابتدائی طبی امداد کی فراہمی، آگ لگنے کی صورت میں فوری رسپانس، بلڈنگ گرنے کی صورت میں مریضوں کی تلاش و بحالی، اور پانی میں ڈوبنے والے افراد کو بچانے جیسے عملی مظاہرے شامل تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینیئر احتشام واہلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ CERT چیلنج کا بنیادی مقصد کمیونٹی رضاکاروں کو عملی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران ریسکیو 1122 کے پہنچنے سے قبل اپنی مدد آپ کے تحت قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ معاشرے کی تشکیل تب ہی ممکن ہے جب ہر شہری بنیادی فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں