محنت کشوں کیلئے84ارب کے پیکج کا اعلان

لاہور (بیوروچیف) عالمی یومِ مزدور کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محنت کشوں، ورکرز، اور کان کنوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مزدور، ورکر اور محنت کش کی عظمت کو سلام ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ “محنت کش اللہ کا دوست ہے، اور ہم اللہ کے دوست کی قدر و احترام کرتے ہیں۔” انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے لیبر ڈے کے موقع پر محنت کشوں کے لیے تقریبا84ارب روپے کے مجموعی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق راشن کارڈ کے ذریعے ورکرز اور کان کنوں کو3ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔جے ایس بینک کارڈ کے ذریعے محنت کش ڈیجیٹل کیش ٹرانسفر، ایڈوانس سیلری اور دیگر 13سہولیات حاصل کر سکیں گے۔قصور اور سرگودھا میں50’50بیڈز کے سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔رحیم یار خان میں بھی50 بیڈ کا سوشل سیکیورٹی اسپتال بنایا جائے گا۔لاہور میں200بیڈز پر مشتمل جدید ترین کارڈیک سٹی صرف محنت کشوں کے لیے قائم کیا جائے گا۔ٹیلی کلینکس کے ذریعے ورکروں کو ماہر معالجین سے علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔ٹیکسلا میں نئی لیبر کالونی اور سندر اسٹیٹ میں ورکر ویلفیئر کمپلیکس کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔واربرٹن میں نئی لیبر کالونی اور ملتان میں فیز ٹو کا آغاز بھی کیا جائے گا۔خواتین ورکرز کے لیے فیکٹریوں میں300ڈے کیئر سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں