اسلام آباد (بیوروچیف) محکمہ آبپاشی پنجاب میں سینکڑوں بوگس ملازمین کی بھرتی کا انکشاف ہوا ہے۔ بوگس بھرتیوں سے 8کروڑ 70لاکھ روپے کی مالی بے ضابطگی سامنے آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق مالی سال 2022-23کی آڈٹ رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات میں بتایا گیا ہے کہ سابق حکومت کے دور میں محکمہ آبپاشی میں میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئیں ہیں۔ گھوسٹ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی سے قومی خزانے کو نقصان 8کروڑ 70لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ گھوسٹ بھرتیوں کا معاملہ نیب کے سپرد کردیا گیا ہے جبکہ پبلک اکائونٹس کمیٹی ون نے ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی ون افتخار چھچھر نے تحقیقات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔محکمہ آبپاشی نے بھی سکینڈل کی اندرونی انکوا ئر ی مکمل کر لی بوگس بھرتیاں کرنے والے افسران واہلکار بھی کارروائی کی زد میں ہیں۔ سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید کے مطابق معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔




