ٹھیکریوالہ (رانا شاہد مقرب) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد نے محکمہ تعلیم کی پروموشن پالیسی کے مطابق 20اہل ملازمین کو جونیئر کلرک (سکیل 11) کے عہدے پر ترقی دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن رائو عبدالکریم کی منظوری سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ ترقی سروس سکیل 1 تا سکیل 8 میں خدمات انجام دینے والے اہل اور تجربہ کار ملازمین کو دی گئی ہے۔ ترقی کے اس عمل میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC)نے اِن سروس کوٹہ کے تحت امیدوارو ں کی تعلیمی قابلیت، سروس ریکارڈ، کمپیوٹر ٹائپنگ اسکلز، پروفیشنسی ٹیسٹ، سالانہ خفیہ رپورٹس (ACRs) اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی مکمل اور شفاف سکروٹنی کے بعد میرٹ کی بنیاد پر سفارشات مرتب کیں۔تفصیلات کے مطابق جونیئر کلرک کے اِن سروس پروموشن کے لیے سکیل 1 تا سکیل 8 کے 257 ملازمین نے درخواستیں جمع کروائیں، جن میں سے 54 امیدوار غیر حاضر رہے جبکہ 203 ملازمین نے ٹیسٹ اور انٹرویو میں شرکت کی۔ ان میں سے 152 امیدوار ناکام قرار پائے، جبکہ 51 ملازمین نے کمپیوٹر ٹائپنگ اور پروفیشنل ٹیسٹ کامیابی سے پاس کیا۔ حتمی مرحلے میں سروس سنیارٹی اور مجموعی میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے 20 ملازمین کو جونیئر کلرک کے عہدے پر ترقی کے لیے منتخب کیا گیا۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن رائو عبدالکریم نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں محنتی، اہل اور تجربہ کار ملازمین کو ان کا جائز حق دینا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلاس فور ملازمین محکمہ تعلیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی بروقت ترقی نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے بلکہ مجموعی محکمانہ کارکردگی کو بھی موثر بناتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ترقی پانے والے ملازمین کے لیے سات روزہ انڈکشن ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کمپیوٹر مہارت، دفتری امور، فائل ورک اور سرکاری قواعد و ضوابط سے متعلق جامع تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں موثر اور پیشہ ورانہ انداز میں نبھا سکیں۔محکمہ تعلیم کے ملازمین اور ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان کے چیئرمین محمد اسلم نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن فیصل آباد رائو عبدالکریم کے فیصلے کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق ملازمین کی فلاح و بہبود کے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔پروموشن نوٹیفیکیشن تقسیم کی تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن افتخار خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن محمد وسیم ساجد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری ایجوکیشن محمد ذاکر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن جاوید شہباز بھی موجود تھے۔



