محکمہ لائیو سٹاک،جنگلات اور زراعت کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک سید ندیم بدر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمانہ اہداف، فیلڈ سرگرمیوں، ویکسینیشن مہمات اور جانوروں کی بیماریوں کے کنٹرول سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں 280لائیو سٹاک ہسپتال، ڈسپنسریز اور سہولت مراکز فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔ فیصل آباد ڈویژن صوبے کا دوسرا بڑا لائیو سٹاک مرکز ہے جہاں 50 لاکھ سے زائد مویشی موجود ہیں۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کو جانوروں کی بیماریوں سے پاک بنانے کے لئے ایک جامع پلان تیار کیا جائے۔انہوں نے جانوروں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور بیماریوں کی بروقت روک تھام کے لئے موثر اور سائنٹیفک اقدامات کی ہدایت کی۔کمشنر نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ مویشی منڈیوں میں لمپی اسکن ڈیزیز یا کسی بھی متعدی مرض میں مبتلا جانوروں کو علیحدہ رکھا جائے تاکہ بیماریوں کے پھیلا کو روکا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک ویٹرنری سروسز کو مزید فعال اور موثر بنایا جائے اور کسانوں و مویشی پال حضرات کو ویکسینیشن مہم میں بھرپور طور پر شریک کیا جائے۔راجہ جہانگیر انور نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ لائیو سٹاک عوامی آگاہی مہمات میں اضافہ کرے تاکہ شہریوں اور کسانوں میں جانوروں کی بیماریوں کی روک تھام، حفاظتی تدابیر اور جدید لائیو سٹاک مینجمنٹ سے متعلق شعور بیدار کیا جا سکے۔دریں اثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت کمشنر آفس فیصل آباد میں جنگلات اور زراعت کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژنل فاریسٹ آفیسر اور ڈائریکٹر زراعت توسیع نے کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں جنگلات کی موجودہ صورتحال، واگزار کرائی گئی اراضی اور شجرکاری مہم کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران جڑانوالہ میں 135ایکڑ جنگلات کی زمین واگزار کرائی گئی جبکہ ڈویژن میں ایک لاکھ کے قریب پودے لگائے گئے ہیں۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے ہدایت کی کہ جنگلات کی زمین واگزار کرانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور پودوں کی حفاظت کے لئے موثر نگرانی کا نظام بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی شجرکاری مہم کے لئے قابلِ عمل اور پائیدار پلان تشکیل دیا جائے تاکہ نہ صرف ماحولیاتی تحفظ ممکن ہو بلکہ شہریوں کو صحت مند ماحول بھی میسر آئے۔اجلاس میں زراعت کے شعبے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فیصل آباد ڈویژن میں 16لاکھ 85ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی۔اس مقصد کے لئے11لاکھ 45ہزار بیج کے بیگز اور260 سپر سیڈرز موجود ہیں۔کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری زمین اور گھوڑی پال مربع جات پر گندم کی کاشت ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسانوں کو بیج و زرعی آلات کی بروقت فراہمی کے لئے مثر اقدامات کئے جائیں۔راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ زراعت اور جنگلات دونوں شعبے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ان کی ترقی اور تحفظ سے نہ صرف خوراک کے استحکام بلکہ ماحولیاتی بہتری کے اہداف بھی حاصل ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں