محکمہ لائیو سٹاک مویشیوں کی پیداوار میں اضافے ،دیہی معیشت کے فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہے،ڈاکٹر حیدر علی خان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر حیدر علی خان ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن نے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP)کی سکیم ری ویمپنگ آف سول ویٹرنری ڈسپنسریز، ضلع فیصل آباد کے تحت سول ویٹرنری ہسپتال239ر۔ب خانوانہ ستیانہ روڈ اور سول ویٹرنری ہسپتال 243 ر۔ب جھوک کھرلاں فیصل آباد کا معائنہ کیا ۔ معائنہ کے دوران ڈاکٹر حیدر علی خان نے دونوں ہسپتالوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، جن میں عمارتی ڈھانچے کی بہتری، ویٹرنری ادویات کی دستیابی، تشخیصی آلات اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی مجموعی سہولیات شامل تھیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی کام منظور شدہ ڈیزائن، معیار اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیے جائیں۔اس موقع پر ڈاکٹر سہیل احمد انجم ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد اور متعلقہ سول ویٹرنری ہسپتالوں کا عملہ بھی موجود تھا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن نے اس امر پر زور دیا کہ اے ڈی پی ری ویمپنگ سکیم کا بنیادی مقصد نچلی سطح پر لائیوسٹاک کی سہولیات کو مضبوط بنانا ہے تاکہ بہتر انفراسٹرکچر اور جدید سہولیات کے ذریعے مویشیوں کو بروقت اور مثر علاج فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے کو صفائی ستھرائی برقرار رکھنے، ریکارڈ درست رکھنے اور مویشی پال کسانوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون پر مبنی رویہ اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب مویشیوں کی پیداوار میں اضافے، کسانوں کے معاشی حالات کی بہتری اور دیہی معیشت کے فروغ کے لیے معیاری اور آسان رسائی والی ویٹرنری خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے دیرپا نتائج کے حصول کے لیے مثر نگرانی اور باقاعدہ مانیٹرنگ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں