محکمہ لائیو سٹاک کے پیراویٹرنری سٹاف میں119موٹر سائیکلیں تقسیم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ لائیوسٹاک کے زیر اہتمام پیراویٹرنری سٹاف میں 119موٹر سائیکلز تقسیم کرنے کی تقریب سول ویٹرنری ہسپتال میں منعقد ہوئی۔وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال بدر چوہدری اور ایم پی اے طاہر جمیل نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ سینیٹر طلال بدر چوہدری نے پیراویٹرنری سٹاف میں موٹر سائیکلز کی چابیاں تقسیم کیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو نعرے نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر پرکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر کی بہتری سے دیہی معیشت مضبوط اور کسان خوشحال ہوتا ہے،فیلڈ سٹاف کو سہولیات دینا عوامی خدمت کا موثر ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پیراویٹرنری سٹاف جانوروں کی صحت کے تحفظ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اورموٹر سائیکلز کی فراہمی سے فیلڈ ورک مزید موثر ہو گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اچھی کارکردگی ہی اصل کامیابی ہے، نعرے اور وعدے نہ عوام کے مسائل حل کرتے ہیں اور نہ بہتری لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کا بجٹ ڈیڑھ سال میں اڑھائی سو گنا بڑھا ہے جو حکومت کی ترجیحات کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پاس وسائل آبادی کے تناسب سے ہیں،اصل فرق وسائل کے درست استعمال اور بہتر گورننس سے پڑتا ہے۔آج119 موٹر سائیکلز دی جا رہی ہیں، اس سے قبل 142 موٹر سائیکلز دی جا چکی ہیں جبکہ مزید74 موٹر سائیکلز فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جانوروں کی صحت کے لئے ویٹرنری سٹاف، سہولیات اور آلات دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہیں۔ لائیوسٹاک کا پیراویٹرنری سٹاف عوام کی دہلیز پر جاکر جانوروں کی صحت کی حفاظت کر رہا ہے جو قابلِ تحسین خدمت ہے۔سینیٹر نے کہا کہ پنجاب میں صحت، تعلیم، امن و امان، انفراسٹرکچر اور سماجی بہبود کے متعدد منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل اور ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کی استعداد کار بڑھانے کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں