محکمہ ماحولیات آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کرے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ، جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھارا ، صدر پبلک ایڈکمیٹی میاںانوارالحق ایڈووکیٹ، صدر سیاسی کمیٹی شیخ افضال شاہین نے محکمہ ماحولیات کی طرف سے غیر معیاری ایندھن استعمال کر کے فضائی آلودگی کا موجب بننے والی فیکٹریوں اور ملوں کیخلاف کاررو ا ئی نہ کر نے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں واقع ملوں اور فیکٹریوں میں غیر معیاری ایندھن بڑے دھڑلے سے استعمال کیا جا رہا ہے، جہاں سے اٹھنے والے کالے دھوئیں کے بادل آسمان پر منڈلاتے نظر آتے ہیں اور قریبی علاقوں کے رہائشی سانس ، گلے،جلد اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔شہر کے صنعتی علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں انڈسٹریز، فیکٹریاں، یونٹس اور بھٹے قائم ہیں جن میںمالکان کی جانب سے چمڑے، پرانے کپڑوں سمیت دیگر غیر معیاری ایندھن کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ ان کی پروڈکشن لاگت میں کمی آسکے۔ان سے نکلنے والا دھواں علاقہ مکینوں کے لئے وبال جان بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مالکان کارروائیوں سے بچنے کیلئے محکمہ ماحولیات کے افسران اور دیگر فیلڈ سٹاف کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہیں اور افسران منتھلیاں لے کر خاموش ہوجاتے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے شکایات کے اندراج کے باوجودکارروائی نہیں کی جاتی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں