مختلف حادثات میں حاملہ خاتون سمیت4افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری کے علاقہ موٹروے ایم تھری پر قربانی کے جانوروں سے لوڈ مزدا ٹرک الٹنے سے دو افراد جاں بحق’ تین بری طرح زخمی جبکہ دو بیل ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے’ موٹروے پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 44سالہ زوار حسین اپنے دیگر ساتھیوں 40سالہ رمضان’ اسماعیل’ سعید اور ذیشان کے ہمراہ قربانی کے جانور مزدا ٹرک پر لوڈ کر کے جا رہا تھا کہ جب مزدا ٹرک سمندری کے علاقہ ایم تھری موٹروے پر پہنچا تو علی الصبح ڈرائیور کو اونگھ آنے سے 15بیلوں سے لوڈ مزدا ٹرک الٹ گیا تو اس میں سوار پانچوں افراد اور ٹرک میں لوڈ قربانی کے جانور بری طرح زخمی ہو گئے۔ مزدا ٹرک وہاڑی سے لاہور جا رہا تھا’حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی تو مزدا ٹرک تلے آ کر دو افراد 44سالہ زوار اور 40سالہ رمضان زندگی کی بازی ہار چکے تھے، جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا۔ اسی دوران لاکھوں روپے مالیت کے قربانی کے دو بیل ہلاک اور دیگر بری طرح زخمی ہو گئے۔دریں ثنائ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) مدینہ ٹائون کے علاقہ بسم اللہ ہوٹل والی گلی میں زیر تعمیر مکان کا لینٹر ہمسائے کی چھت پر گرنے سے حاملہ خاتون ،نومولود بچے سمیت جاں بحق ، کم سن بچوں سمیت4افراد بری طرح زخمی ہو گئے۔جنہیں تشویشناک حالت میں سول ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مدینہ ٹائون بسم اللہ ہوٹل والی گلی میں فقیر حسین نامی شخص گھر تعمیر کروا رہا تھا کہ تیسری منزل کا لینٹر ہمسائے لیاقت کے گھر پر آن گرا جس کے باعث اس کے مکان کی چھت زمین بوس ہونے سے لیاقت کی 39سالہ حاملہ بیوی عفت بی بی ،2سالہ بیٹی آیت،40سالہ زیب النساء زوجہ لیاقت، 24سالہ شہناز بی بی زوجہ جاوید اس کی تین سالہ بیٹی عائزہ ملبے تلے دب گئے، زیر تعمیر مکان مالک 50سالہ فققیر حسین بھی ملبے تلے آ کر زخمی ہو گیا۔ ریسکیو1122کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں پر حاملہ خاتون عفت بی بی اس کی نو مولود بیٹی زندگی کی بازی ہار گئیں جبکہ2سالہ آیت کے سر میں شدید چوٹ آنے سے الائیڈ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ۔اس کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں