29

مختلف واقعات میں 3افراد قتل ‘ Dگرائونڈ پارک کے باہر سے لڑکی اغواء

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان نے تشدد کرکے نوجوان کو مار ڈالا’ ڈی گرائونڈ پارک کے باہر سے دوشیزہ سمیت چار افراد کو اغواء کر لیا گیا’ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ 7 ج ب کے رہائشی عمران نے بتایا کہ اس کے بھائی عرفان ولد شریف کا کسی بات پر ملزمان عمر دراز’ عمر حیات وغیرہ سے جھگڑا ہو گیا جس پر مشتعل ملزمان نے ڈنڈے اور سوٹوں کے وار کر کے بری طرح تشدد کا نشانہ بنا کر فرار ہو گئے، مضروب کو تشویشناک حالت کے باعث گھر پر ہی علاج معالجہ کروایا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ پیپلزکالونی کے رہائشی جاوید نے بتایا کہ وہ فیملی کے ہمراہ ڈی گرائونڈ پارک میں سیر کرنے آئے اوراسکی جواں سالہ بیٹی نورالحجاب پارک کے باہر سے گول گپے لینے گئی واپس نہ آئی تو تلاش کرنے پر پتہ چلا کہ کیری ڈبہ سوار نامعلوم ملزمان اغواء کر کے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں کہکشاں کالونی کی رہائشی سدرہ شاہین نے بتایا کہ اس کا 12 سالہ بیٹا ناصر گھر سے سودا سلف لینے دکان پر گیا واپس نہ آیا، تلاش کرنے کے باوجود کوئی پتہ نہ چلا جسے نامعلوم ملزمان نے اغواء کر لیا۔ تھانہ تاندلیانوالہ کے علاقہ 430 گ ب کے رہائشی احمد عبداﷲ نے بتایا کہ اس کا بیٹا اسفند اپنے دوست بلال کے ہمراہ سوا تین لاکھ کی رقم دینے گئے واپس نہ آئے، تلاش کرنے پر کوئی سراغ نہ ملا، اس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اسکے بیٹے اور اسکے دوست کو نامعلوم ملزمان نے رقم سمیت اغواء کر لیا ہے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ علاوہ ازیں جائیداد اور بکریاں کھیتوں میں چھوڑنے کے تنازعہ پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے مقتولین کی نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ 72 گ ب میں اسد اقبال کی بکریاں چرتے ہوئے کاشتکار وقاص کے کھیتوں میں چلی گئیں۔ منع کرنے پر تلخ کلامی ہوئی تو ملزمان وقاص’ عباس وغیرہ نے فائرنگ کر دی گولیاں لگنے سے اسد اقبال اور حسیب بری طرح زخمی ہو گئے تھے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اسد اقبال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں 176 گ ب میں احمد ولد عارف اور سجاول ولد لیاقت کے درمیان پلاٹ کا تنازعہ چل رہا تھا، گزشتہ روز دونوں پارٹیوں میں دوبارہ جھگڑا ہو گیا تو مشتعل ملزمان احمد وغیرہ نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے سجاول ولد لیاقت بری طرح زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا، تاہم پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں