مختلف واقعات میں5افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے سر میں گولی مار کر خود کشی کر لی، مختلف واقعات میں تین افراد قتل،حادثہ میں نوجوان جاں بحق، خاتون کی تین بیٹوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا کر خود کشی کی کوشش، قاتلانہ حملوں میں تین افراد لہولہان، چالاک ملزمان کا کاروبار کا جھانسہ دیکر2تاجروں کیساتھ 3کروڑ کا فراڈ ، پولیس مصروف تفتیش ہے، تفصیل کے مطابق نواحی گائوں 482 گ ب کے 22سالہ شہزاد نے گھریلو حالات سے دل برداشتہ ہو کر سر میں گولی مار کر خود کشی کر لی، جبکہ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 659گ ب کے رہائشی اویس نے بتایا کہ معمولی جھگڑے پر ملزمان حیات وغیرہ اس کے بھائی ارشد کو گھر سے بلا کر لے گئے اور آج صبح اس کی نعش کھیتوں سے ملی، غلام محمد آباد کے علاقہ ڈیرہ سائیں قبرستان کے قریب نشئی ریحان نے نشہ نے دینے پر ساتھی نشئی کو دھکا دیا، زمین میں سر لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔ سمندری کے نواحی گائوں 463گ ب کے کھیتوں سے نامعلوم شخص کی گلی سڑی نعش برآمد جس کی شناخت نہ ہوسکی۔تھانہ تاندلیانوالہ کے علاقہ396گ ب کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ کر سڑک عبور کرنے والا نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، متوفی کی شناخت نہ ہوسکی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر لواحقین کی تلاش شروع کر دی۔تحصیل جڑانوالہ کے علاقہ ریسکیو1122 آفس کے قریب گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر خاتون تین بچیوں سمیت نہر میں کود گئی، ریسکیو1122 ٹیم نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے 108 رب کی 38سالہ کرن زوجہ افضل’ اسکی تین بیٹیوں 7سالہ تہمین’ 3سالہ نور’ 5سالہ زویا کو بحفاظت نہر سے نکال کر لواحقین کے حوالے کر دیا۔ جبکہ تھانہ ستیانہ کے علاقہ 35 گ ب کے افضل نے بتایا کہ عداوت کی بناء پر ملزم عدیل نے مدعی کے بہنوئی کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ پنڈی شیخ موسیٰ میں پرانی دشمنی کی بناء پر ملزم اکرم نے فائرنگ کر کے شہباز کو لہولہان کر دیا’ بٹالہ کالونی کے علاقہ دارالحسان کالونی کے قریب مشتعل افراد نے معمولی جھگڑے پر شہزاد کو گولیاں مار کر فرار ہو گئے۔علاوہ ازیں پیپلز کالونی کے علاقہ بابر چوک کے رہائشی عابد علی نے بتایا اس کے واقف کار ملزم عامر نے اڑھائی کروڑ اور ریلبازار کے تاجر اعظم سے ملزمان رمضان وغیرہ نے 50لاکھ کا مال لیکر بلدے میں چیک دیئے جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں