مدینہ ٹاؤن میں تیز رفتار نکاسی آب کیلئے واسا نے حکمت عملی تیار کرلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا فیصل آباد نے مدینہ ٹائون میں تیزرفتار نکاسی آب کیلئے ریچارج ویل اور انڈرگرائونڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کرنیکا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سوساں روڈ گرین بیلٹ میں ریچارج ویل جبکہ فیضان مدینہ چوک سے ملحقہ گرین بیلٹ پر انڈر گرائونڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کئے جائیں گے۔ اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان چدھڑ ، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر عثمان لطیف اور دیگر افسران کے ہمراہ سوساں روڈ مدینہ ٹائون کا دورہ کیا اور وہاں پر تجویز کردہ ریچارج ویل کی سائٹ کا جائزہ لیا اسی طرح انہوں نے دوسری گرین بیلٹ کا وزٹ بھی کیا اور وہاں پر انڈر گرائونڈ سٹوریج ٹینک کی تعمیر بارے ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز ڈیلیوری مہیا کرنا ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور آئندہ مون سون سیزن میں بارشی پانی کی مختصر وقت میں نکاسی کے لئے پلاننگ تشکیل دی گئی ہے جس پر آج عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوساں مین روڈ کی گرین بیلٹ میں ریچارج ویل بنایا جائے گا جہاں پربارشی پانی جمع ہو گا جس سے ایک طرف نکاسی آب میں تیزی آئے گی جبکہ دوسری طرف زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہو گا ۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ فیضان مدینہ سے ملحقہ گرین بیلٹ میں انڈر گرائونڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کیا جائے گا جس میں مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی جمع ہو گا اور بعد میں اسے سیوریج لائن میں شامل کیا جائے گا اس سکیم کی تکمیل سے بھی پانی کی نکاسی مختصر وقت میں مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ایچ اے انتظامیہ بھی آن بورڈ ہے اور دونوں گرین بیلٹس میں خوشنما پودے لگائے جائیں گے جس سے مدینہ ٹائون سوساں روڈ شہر کی ماڈل روڈ بن جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں