مرد اور عورت برابر نہیں’ مرد کا درجہ زیادہ ہے’ صبا فیصل

کراچی (شوبز نیوز) سینئر اداکارہ صبا فیصل نے کہا ہے کہ مرد اور عورت کبھی برابر نہیں ہو سکتے، خدا نے مرد کا رتبہ اور درجہ بڑا رکھا ہے، اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ذرائع کے مطابق صبا فیصل نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شادی کے وقت انہیں ان کی والدہ نے ہدایت کی تھی کہ وہ ہمیشہ اپنے شوہر سے ایک قدم نیچے اور پیچھے رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں ہدایت کی تھی کہ شوہر سے ایک قدم پیچھے رہنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ جب بھی پیچھے مڑ کر دیکھیں گی تو انہیں مدد کے لئے شوہر نظر آئیں گے۔صبا فیصل کے مطابق اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مرد اور عورت برابر نہیں، خدا نے مرد کا رتبہ زیادہ رکھا ہے اور اس معاملے پر بات کرنے کو متنازع سمجھا جاتا ہے اور ان کی بات سے بھی بہت سارے لوگوں کو اختلاف ہوگا۔اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے والدہ کی بات پر عمل کرتے ہوئے شوہر کو ہمیشہ عزت دی، اسی وجہ سے ہی شوہر نے بھی انہیں عزت دی اور سر پر بٹھا کر رکھا۔صبا فیصل نے اعتراف کیا کہ شوہر نے انہیں سر پر بٹھا رکھا ہے، کیوں کہ دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کو عزت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں