مریخ بارے حیران کن پیشگوئی

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے ایک بار پھر انسانوں کو مریخ پر پہنچانے کے منصوبے پر بات کی ہے۔ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے ایلون مسک نے خیال ظاہر کیا کہ مستقبل میں بنجر نظر آنے والا سیارہ مریخ بھی سر سبز ہوسکتا ہے۔اس پوسٹ میں مریخ کی ایسی خیالی ویڈیو موجود تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ سرخ سیارے کس طرح سرسبز ہو جاتا ہے۔اس پر ریپلائی کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ مریخ یقینا ایک دن زندگی کے ساتھ سرسبز ہو جائے گا۔خیال رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس 2026 میں بغیر انسانوں کے 5 اسٹار شپ مشن مریخ پر بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس بارے میں ستمبر 2024 میں ایک ایکس پوسٹ میں ایلون مسک نے بتایا تھا کہ 2 برسوں میں بغیر انسانوں کے 5 اسٹار شپ مشن مریخ پر بھیجے جائیں گے جس کے بعد انسان بردار مشنز روانہ کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بغیر انسانوں کے بھیجے جانے والے مشنز کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ راکٹ مریخ کی سطح پر محفوظ طریقے سے لینڈ ہوسکتے ہیں یا نہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگر راکٹس کامیابی سے لینڈ کرگئے تو پھر 4 برسوں میں انسان بردار مشنز وہاں بھیجے جائیں گے، اگر چیلنجز کا سامنا ہوا تو پھر خلا بازوں کو بھیجنے میں مزید 2 سال کی تاخیر ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرخ سیارے کا سفر ہر 2 سال بعد ہی ممکن ہوسکتا ہے کیونکہ اس وقت سورج کے گرد چکر لگاتے ہوئے مریخ اور زمین ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔ایلون مسک کے مطابق لینڈنگ میں کامیابی ملے یا نہ ملے، اسپیس ایکس کی جانب سے ہر 2 سال بعد مریخ پر زیادہ سے زیادہ اسپیس شپ بھیجے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بتدریج ہزاروں اسٹار شپس مریخ پر جائیں گے۔مریخ پر پہنچنا ایلون مسک کا پرانا خواب ہے اور دسمبر 2023 میں ایک ایکس پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ انسانوں کو زمین سے باہر نکل کر چاند پر بیس اور مریخ پر شہر تعمیر کرنے چاہیے۔اگست 2022 میں ایک جریدے کے لیے تحریر کیے گئے مضمون میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ انسانی تہذیب کو دیگر سیاروں تک جانے کے قابل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ‘اگر زمین رہائش کے قابل نہ رہے تو ہمیں ایک خلائی طیارے سے نئے گھر کی جانب پرواز کرنا ہوگا’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں