مریخ پر انسانوں کے اترنے کے مقام کی نشاندہی

مسیسیپی (مانیٹرنگ ڈیسک) سائنس دانوں نے ایک بڑی پیش رفت میں مریخ پر انسانوں کے اترنے کے لیے سب سے موزوں مقام کی نشاندہی کر لی ہے۔ اس نشاندہی کو سرخ سیارے پر انسانی مشن اور مستقبل کی آبادکاری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ تحقیق یونیورسٹی آف مسیسیپی کے سائنس دانوں نے کی، جنہوں نے مریخ پر بھیجے گئے اب تک کے سب سے طاقتور کیمرے HiRISE سے سطحِ مریخ کی تفصیلات کا مطالعہ کیا۔ اس تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جریدے جرنل آف جیوگرافیکل ریسرچ میں شائع ہوئے ہیں۔ تحقیق کے مطابق مریخ کے درمیانی عرض البلد میں واقع خطہ ایمازونِس پلینیشیا (Amazonis Planitia) کو مستقبل کے انسانی مشنز کے لیے سب سے موزوں مقام قرار دیا گیا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ علاقہ ایک مثالی یا گولڈی لاکس زون کی خصوصیات رکھتا ہے، جہاں شمسی توانائی کے لیے مناسب مقدار میں سورج کی روشنی موجود ہے۔ درجہ حرارت اتنا کم ہے کہ سطح کے قریب پانی کی برف (واٹر آئس) محفوظ رہ سکتی ہے۔ یہ دونوں عناصر انسانی مشن کے لیے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں