فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الائیڈ ہسپتال انتظامیہ کی کاوشیں رنگ لے آئیں، مریضوں کے علاج معالجہ کی تشخیص کیلئے چند روز سے خراب سی ٹی سکین مشین کو فنکشنل کر دیا گیا اور شہر سمیت دور دراز علاقوں سے آنے والے غریب مریضوں کی سی ٹی سکین ٹیسٹ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق چند روز سے شہر کے سب سے بڑے الائیڈ ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین خراب ہونے کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور غریب اور مستحق مریضوں کو بازار سے مہنگے ٹیسٹ کروانے پڑ رہے تھے۔ مریضوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر ارشد چیمہ اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر افضال چیمہ کی بھرپور کاوشوں سے سی ٹی سکین مشین کو درست کروا دیا گیا اور سی ٹی سکین مشین نے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سی ٹی سکین مشین کے فنکشنل ہونے سے مریضوں کے مرض کی بروقت تشخیص اور علاج معالجہ میں آسانی پیدا ہونگی۔ ہسپتال انتظامیہ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع سے آنے والے مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
49