مریم نوازآج عالمی کانفرنس سے خطاب کریں گی

لاہور(بیوروچیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ترکیہ کے دورے پر اناطولیہ پہنچ گئیں۔ اناطولیہ کے ڈپٹی گورنر پروفیسر ڈاکٹر سعد سید اوغلو نے ہوائی اڈے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا استقبال کیا۔ترکیہ کی خاتون اول محترمہ ایمنہ اردوان کی دعوت پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ترکیہ کا دورہ کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈپلومیسی فورم 2025کے تحت منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی، جہاں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کانفرنس میں شریک مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔مریم نواز سے ترکیہ کے سابق نائب صدر اور اے کے پارٹی کے نائب چیئرمین فواد اقطائے نے ملاقات کی ۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ عقیدت، محبت اور اعتماد پر مبنی ہیں۔فواد اقطائے نے کہا برادر ملک پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلی کی اہم ڈپلومیسی کانفرنس میں شرکت کو اعزاز سمجھتے ہیں۔مریم نواز آج کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گی۔ ڈپلومیسی کانفرنس کا عنوان تقسیم دنیا میں مستقبل کی تعمیر، تعلیم تبدیلی لانے کی ایک طاقت رکھا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز صوبہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی حکومت کے اقدامات اور اپنی جماعت کے منشور پر روشنی ڈالیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں