مریم نوازکی سعودی سفیر سے ملاقات

لاہور (بیوروچیف) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے گزشتہ روز ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم اور بنگلہ دیش کے وزیربرائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، سعودی سفیر سعید بن نواف المالکی بھی مریم نوازسے ملے اور سیلاب زدگان کیلئے امداد حوالے کی۔کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی طرف سے پنجاب کے 7اضلاع کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کے 5 ٹرک پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز اور سعودی سفیر سعید بن نواف المالکی نے امدادی سامان کے پانچ ٹرک پی ڈی ایم اے کے سپرد کئے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی اور اس دوران باہمی تعلقات، سیلاب متاثرین کی امداد، اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر کیساتھ ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر بھی موجود تھے ،اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال،توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اورپاک ایران تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ نواز شریف نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتری کی اعلی ترین سطح تک لیکر جانا چاہتے ہیں، ہم اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارکباد دیتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورے نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دیا۔ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ 9 نومبر کو ایران میں اقبال ڈے منایا جائے گا، ایران کے میوزیکل بینڈ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے ۔ ہماری درخواست ہے کہ فارسی زبان کو پنجاب کی جامعات میں مزید فروغ دیا جائے ۔نواز شریف سے بنگلہ دیش کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین کی ملاقات کے دوران ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے ،ڈاکٹر خالد حسین نے پاکستانی طلبہ کے لئے 500 نئے سکالر شپ دینے کا اعلان کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں آج بھی بنگلہ دیشی بھائیوں کی محبت موجزن ہے ،باہمی قربت بڑھانے کایہ بہترین وقت ہے ۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ تجارت اور براہ راست رابطے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوامی تعلقات کو مزید تقویت بخشیں گے ۔ ڈاکٹر خالد حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش ہرسطح پر پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے ۔ وزیراعلی نے پاک نیوی ڈے پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نیوی کے ہر آفیسر اور ہر جوان پر قوم کو فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں