4

مریم نواز اقلیتی برادری کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے سرگرم

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کا پہلا چیف منسٹر مینارٹی کارڈ لانچ کردیا۔ایوان اقبال کمپلیکس میں ہندو، سکھ اور کرسچن سمیت دیگر برادری کے مرد وخواتین نے شرکت کی۔تقریب کے شرکا نے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے وزیراعلیٰ مریم نواز کا خیر مقدم کیا۔وزیراعلیٰ ٰ شرکا کے درمیان بیٹھ گئیں۔وزیراعلیٰ نے اقلیتی مرد وخواتین میں مینارٹی کارڈ تقسیم کئے ‘مریم نواز نے اے ٹی ایم مشین کے ذریعے سونیا بی بی کے مینارٹی کارڈ کی ٹرانزیکشن کا مشاہدہ کیا۔پنجاب میں50 ہزار خاندانوں کو سہ ماہی10500 روپے ملیں گے ۔آئندہ چند سالوں میں اس رقم کو بڑھائیں گے ۔ 50 ہزار گھرانوں کو 75 ہزار گھرانوں تک لیکر جائیں گے ۔ ساڑھے 10ہزار روپے نہیں بلکہ محمد نواز شریف اور پنجاب حکومت کی طرف سے ہدیہ اور تحفہ ہے ۔تہواروں پر مینارٹی گرانٹ 10ہزار سے بڑھا کر 15 ہزار کر دی گئی ہے ۔صوبائی وزیراقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے پنجابی میں خطاب کیا اور وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کی حفاظت اور زندگیوں میں بہتری لانا ہماری ذمہ داری ہے ۔اقلیتی برادری کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والوں کا راستہ پوری قوت سے روکیں گے ۔ اقلیتوں کے لئے کوئی بھی خطرناک صورتحال ہو تو خود نگرانی کرتی ہوں۔تقریب میں ہندو برادری، کرسچین ،سکھ برادری اور دوسرے مذاہب کے لوگ بھی موجود ہیں۔حقدار کو حق ملنے پر خوشی ہے ، سب مذاہب ایک مضبوط لڑی میں پروئے ہیں۔ سبز ہلالی پرچم بھی سفید رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ پہلی بار کابینہ میں سکھ منسٹر کی تعیناتی پر پوری دنیا سے مبارکباد کے پیغام آئے ۔نبی کریم نے فرمایا جو شخص کسی غیر مسلم پر ظلم کرے گا،حق چھینے گا، طاقت سے زیادہ بوجھ ڈالے گا یا اس کی کوئی چیز اس کی مرضی کے بغیر لے گا تو قیامت کے دن میں اس کے خلاف گواہ بنوں گا۔اقلیتوں کے بارے میں میرے والد محمد نوازشریف نے ہمیشہ اقلیت کہنے سے منع کیا۔تعداد میں تو کم ہونگے مگر پاکستانیت اور انسانیت میں کسی سے کم نہیں۔ سب سے پہلے مریم آباد چرچ میں گئی تو بتایا گیا کہ یہاں 103سال بعد کوئی حکمران آیا ہے ۔ ہر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ہولی اورایسٹر سمیت کسی بھی مذہب کے تہوار پر اقلیتی عبادت گاہوں اور ان کے محلوں کو سجانے کی ہدایت کی۔ اقلیتی برادری کے محلوں اور مذہبی مقامات کو بھی ڈویلپ کررہے ہیں۔ مسیحی برادری کیلئے قبرستان چند ماہ میں تیار ہوجائے گا۔ اقلیتی برادری کے لئے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں 60فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان ائیر وار کورس کے وفد نے ملاقات کی۔ 79 رکنی وفد کی سربراہی صدر ائیر وائس مارشل راشد حبیب نے کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین کی فضاں کے محافظوں اور نگہبانوں سے ملاقات باعث فخر ہے ۔ہر رات سونے سے پہلے اپنا احتساب خود کرتی ہوں۔پنجاب کو انڈسٹرلائزیشن کی راہ پر لارہے ہیں۔پنجاب میں جلد ای ٹیکسی سروس شروع کی جائے گی۔ 28 الیکٹر ک بسیں پاکستان آچکی ہیں، آئندہ پانچ چھ ماہ میں مزید بسیں لائیں گے ۔فیصل آباد اور گوجرانو الہ میں میٹرو بس جلد شروع کرر ہے ہیں۔ لاہور سے اسلام آباد بلٹ ٹرین چلاناچاہتی ہوں۔ اسلام آباد سے مری تک گلاس ٹرین سروس جلد شروع ہوگی۔ منصوبوں پر تنقید کرنے والوں کو کہتی ہوں کہ کیا ہم نے غریب ملک ہی بنے رہنا ہے ۔ عوام کو مریم نواز ہیلتھ کلینک میں انگلینڈ کے لیول کا ماحول ملے گا۔ بچوں کو کیل والے ڈنڈے نہیں لیپ ٹاپ دے رہیں۔ پورے لاہور کو ری ویمپ کیا جائے گا،صدر ائیر وائس مارشل راشد حبیب اور کورس کے شرکا نے وزیراعلیٰ پنجاب کے پراجیکٹس کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یونیورسٹی آف لندن کو پنجاب میں دفتر کھولنے کی دعوت دی۔وزیراعلی نے پنجاب کے بچوں اور بچیوں کو برطانیہ کی عالمی سطح پر معروف \’لندن یونیورسٹی\’ سے تعلیم دلانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔ مزید بین الاقوامی یونیورسٹیوں کو بھی پنجاب میں لانے کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں