مریم نواز پنجاب میں پیپلز پارٹی کے تحفظات پر بات کیلئے تیار

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پنجاب میں پیپلز پارٹی کے تحفظات پر بات کرنے کو تیار ہوگئیں۔پارلیمنٹ کے اجلاس کے موقع پر مریم نواز سے سوال ہوا کہ پیپلز پارٹی والوں کو آپ سے تحفظات ہیں کہ ان کے پنجاب میں کام نہیں ہو رہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے جواب دیاکہ پیپلز پارٹی والے ان سے بات کریں گے تو وہ بات کریں گی۔مریم نواز نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج پر کہاکہ بد تمیزی اور بد تہذیبی کی جو بنیاد اپوزیشن نے رکھی ہے یہ خود اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو اب شعور آگیا ہے ،لوگ ترقی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ،عوام کو پتا چل گیا ہے کہ بد تہذیبی اور عوام کی خدمت میں کیا فرق ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے صدر آصف علی زرداری کو خطاب کی دعوت دی تو اپوزیشن نے شدید نعرے بازی اور شور شرابہ شروع کر دیا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اپوزیشن ارکان سے نعرے لگوائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں