مریم نواز کا اپریل سے کسانوں کو مفت سرکاری زمین دینے کا اعلان

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ اپریل سے اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم کے تحت کسانوں کو مفت سرکاری زمین فراہم کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب کی تمام قابل کاشت سرکاری زمین کسانوں کو 10سالہ لیز پر دی جائے گی۔ ہر کسان کو 5ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی اور اس کے عوض کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو زمین کے ساتھ مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ تاکہ وہ فوری طور پر کاشتکاری کا آغاز کر سکیں۔مریم نواز نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد زرعی شعبے کو مضبوط کرنا اور دیہی معیشت کو سہارا دینا ہے۔واضح رہے کہ 4فروری کو راجن پور میں الیکٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے اپنا کھیت، اپنا روزگار منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے تحت تقریبا ڈھائی لاکھ ایکڑ اراضی غریب اور مستحق افراد کو فراہم کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔حکومتی ذرائع کے مطابق اسکیم کی تفصیلات اور درخواست کا طریقہ کار جلد جاری کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں