مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں عوامی سہولت کیلئے17اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ دینے کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی سہولت، مہنگائی کنٹرول اور صفائی سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم 17اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ کے پائلٹ پراجیکٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ ٹرانسپورٹ کرایوں پر آئل قیمتوں کے اثرات سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی اور فی کلو میٹر کرایوں کے تعین کے لیے 24گھنٹوں میں جامع رپورٹ طلب کر لی گئی۔اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جس میں پیاز، ٹماٹر، آلو، کیلا اور دالوں سمیت 23اشیاء کے نرخوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی سی ریٹس کا ازسرنو جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور مہنگے داموں اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نوٹیفائیڈ نرخ سے زائد قیمت پر خریداری نہ کریں۔اجلاس میں پنجاب بھر میں ایل پی جی کے نرخ ریگولیٹ کرنے کے لیے پیرا کو ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ ذخیرہ اندوزی کے سدباب کے لیے بھی اقدامات کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اوپن ڈرینج میں اموات کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو گلی محلوں میں جوہڑوں اور تالابوں کا سروے کرنے کا حکم دیا۔ کمشنرز کو روزانہ تصاویر اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، جبکہ غیر محفوظ جوہڑ کی موجودگی کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی ناکامی قرار دیا گیا۔مزید برآں ہر یونین کونسل میں جوہڑوں کو محفوظ بنانے، شجرکاری، کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام، زیبرا کراسنگ اور سٹریٹ لائٹس کی بہتری پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں بیوٹی فیکیشن اور اپ گریڈیشن پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جون تک تمام منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے دو ہفتوں کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ”ستھرا پنجاب” مہم کے تحت قبرستانوں میں صفائی مہم دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا۔صفائی کے نظام کو موثر بنانے کے لیے ”بیٹ سسٹم” نافذ کرنے اور اے آئی کمپلینٹ ہیلپ لائن کے لیے ”ستھرا پنجاب ہیرو” متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں